بنگلورو،27؍ستمبر(ایس او نیوز)مرکزی حکومت کی طرف سے لاگو گوڈس اینڈ سرویسس ٹیکس (جی ایس ٹی) کی عدم ادائی کے سب سے بڑے گھپلے کو فاش کرتے ہوئے محکمۂ کمرشیل ٹیکس کے ساؤتھ زون کے عہدیداروں نے تین ملزمین کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا ہے۔ ملزمین کی شناخت وکرم ڈگگل ، اشفاق احمد اور نیاز احمد کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ یہ تینوں ٹی داسر ہلی اور چکبانا وار کے ساکن ہیں ، ان کا پیشہ فرضی کمپنیاں قائم کرنا اور لوگوں کو دھوکہ دیناتھا، اس سلسلے میں معتبر اطلاع ملنے پر محکمۂ کمرشیل ٹیکس کے کمشنر نتیش پٹیل کی قیادت میں ایک ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو حراست میں لے لیا۔ ان ملزمین سے جب پوچھ تاچھ کی گئی تو معلوم ہوا کہ 14معاملوں میں انہوں نے ٹیکس دھوکہ دہی کی ہے۔ان کی فراہم کردہ اطلاع پر مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے گئے۔ ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران پتہ چلا کہ ان ملزمین نے 203کروڑ روپیوں کے لاگت کے فرضی جی ایس ٹی بلس جاری کئے اور سینکڑوں ڈیلروں کے ذریعے جی ایس ٹی وصول کیا لیکن اسے سرکاری کھاتے میں جمع نہیں کرایا۔ ان کی طرف سے فرضی بلوں کی بنیاد پر جو رقم حاصل کی گئی ان تمام کی تفصیلات کی مکمل جانچ کی جارہی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ بیشتر بلس ایسے افراد کے نام بنائے گئے ہیں جو دو تین سال پہلے مرچکے ہیں۔ بنگلور ، گدگ ، میسور، الکل، بلگاوی اور ریاست کے مختلف مقامات کے ایجنٹوں کے ساتھ ان تینوں نے رتن انٹرپرائزز ، راجیو انٹر پرائزز ،رمن ، راہل ، رائیل ، آکاش وغیرہ کے ناموں سے کمپنیاں قائم کرکے ان کمپنیوں کے فرضی بلوں کے ذریعے ٹیکس کی چوری کرتے رہے ، اس سلسلے میں محکمۂ کمرشیل ٹیکس کی ٹیمیں مزید جانچ کررہی ہیں۔